انگور ایک ایسا پھل ہے جس کا ذکر قرآن پاک میں بھی موجود ہے اور یہ بادشاہوں کاپھل بھی کہلاتا ہے ۔انگور تقریباً دنیا کے ہر ملک میں کاشت کیا جاتا ہے ۔ دنیا میں سب سے زیادہ انگور چین ، امریکہ ، اٹلی اور فرانس میں پیدا ہوتا ہے اور اس کی پیداوار 70ہزار ملین ٹن ہے ۔ 8ہزار سال پہلے تجارتی پیمانے پر جس علاقے میں باقاعدہ طور پر انگور کی کاشت کی گئی تھی اس کو اب مڈل ایسٹ کہتے ہیں ۔ پاکستان میں انگور 15302ہیکٹر رقبے پر کاشت کیا جاتا ہے اور اس کی سالانہ پیداوار 64317ٹن ہے ۔ پاکستان میں سب سے زیادہ انگور بلوچستان میں 15153ہیکٹر رقبے پر کاشت کیاجاتا ہے جس سے مجموعی پیداوار کا 63150 ٹن پھل حاصل ہوتا ہے ۔ اس کے علاوہ اب یہ تقریباً پنجاب کے تمام اضلاع میں بھی کاشت کیا جا رہا ہے اور جنوبی پنجاب میں باقاعدہ طور پر “چولستان گر یپس ویلی “کا اعلان کر دیا گیا ہے جہاں گورنمنٹ آف پنجاب کی مدد سے زمینداروں کو سبسڈی دے کر انگور کی کاشت کی جارہی ہے ۔